پاکستان میں کوروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 103671ہوگئی

اپ ڈیٹ 08 جون 2020 10:39am
فائل فوٹو

لاہور،کراچی:پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا،جس کے بعد کوروناکیسز کی تعداد103671جبکہ2067افراد جاں بحق ہوئے۔

کوروناوائرس کے باعث احتیاط اور ایس او پیز میں غفلت سے صورتحال سنگین ہونے لگی،ایک دن میں جاں بحق اور رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹرنے کوروناوائرس سےمتاثرہ افراد کے تازہ اعدادوشمار جاری کردیئے۔

پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے،گزشہ 24گھنٹےکےدوران ملک بھر میں مزید 4ہزار728نئے کیسز رپورٹ ہوئےجس کے بعد پاکستان میں کوروناکےمریضوں کی تعداد1لاکھ 3ہزار671ہوگئی۔

آج کے کیسز کی صورتحال

آج 8جون بروزپیر کوبھی پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے تصدیق شدہ کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے،ملک میں آج کورونا کے مزید381نئے مریض سامنے آئےجبکہ3ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔

اسلام آباد میں 350 اور آزاد کشمیر میں کورونا کے 35کیسز رپورٹ ہوئےجبکہ کورونا وائرس  نے اسلام آباد میں 3مریضوں کی جان لے لی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا وائر س سے پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہوا،جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد38ہزار903ہوگئی جبکہ سندھ میں38ہزار108افرادمیں کوروناوائرس کی تصدیق ہوئی۔

اس کے علاوہ خیبرپختونخوامیں13ہزار487،بلوچستان میں6ہزار516،اسلام آباد میں5ہزار329، گلگت بلتستان میں932اورآزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے396کیسز سامنے آچکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید65مریض جاں بحق ہوئے،جس کے بعد اموات کی تعداد2067ہوگئی۔

کورونا  سے پنجاب میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ ہوئیں،جہاں715افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

اس کے علاوہ سندھ میں 650،خیبرپختونخوا میں 575،بلوچستان میں54،اسلام آباد میں52 اور گلگت بلتستان  میں13 اورآزاد کشمیر میں کورونا کے باعث 8ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن  سینٹر کے مطابق ملک بھر کے مختلف اسپتالوں میں کورونا کے 67ہزار249 مریض زیرعلاج ہیں ،جن میں سے 1ہزار 382مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

کورونا وائرس سے ایک روز میں کورونا سے  890افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد پاکستان میں اب تک صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 34 ہزار355ہوچکی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری نئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران22ہزار650کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے4ہزار728افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی   ۔

 ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک 7لاکھ05ہزار833افراد کے ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔